سگریٹ نوشی آپ کی میٹھی نیند کی دشمن

نیویارک۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کیا آپ مزیدار اور بھرپور نیند کے خواہاں ہیں؟ تو پھر سگریٹ نوشی ترک کردیجئے۔ اس کالم کے ذریعہ حالانکہ سگریٹ نوشی کے بارے میں پہلے بھی کئی بار تذکرہ کیا گیا ہے لیکن دنیا کے مختلف مقامات پر تحقیق کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے جو زیادہ تر سگریٹ نوشی، الکحل اور دیگر انسانی بیماریوں پر کی جاتی رہتی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی نہ صرف کینسر اور عارضہ قلب کا باعث بنتی ہے بلکہ یہ ہمارے جسم کے نظام الاوقات کو بھی متاثر کرتی ہے جس سے ہماری معیاری نیند ہم سے روٹھ جاتی ہے۔ اسٹڈی میں مزید کہا گیا ہیکہ سگریٹ نوشی سے دونوں پھپھڑوں اور دماغ کے کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جس کا واضح مطلب یہ ہیکہ ہم اپنی ’’تعمیراتی‘‘ نیند سے محروم ہوجاتے ہیں۔ بہ الفاظ دیگر ایسی نیند جو ہمیں بیداری کے بعد ہشاش بشاش اور خوش و خرم رکھے لیکن سگریٹ نوشی کے باعث ایک تو نیند پوری نہیں ہوتی دوسرے انسان چڑچڑا ہوجاتا ہے۔

اس کے اندر Mood Swing اور یاسیت درآتی ہے۔ یونیورسٹی آف روچسٹر میڈیکل سنٹر موقوعہ روچٹسر، نیویارک کے انوائرنمنٹل ڈپارٹمنٹ کے عرفان رحمن نے اس بات کی توثیق کی کہ سگریٹ نوشی سے دونوں پھیپھڑے اپنی گنجائش کے مطابق کارکردگی انجام نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے ذریعہ اب اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہیکہ تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا مؤثر علاج ہوسکے اور مریض شفایاب ہوں۔ عرفان رحمن اور ان کی ٹیم گذشتہ کچھ عرصہ سے تمباکو نوشی کے مضر اثرات پر اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہے۔ تمباکو نوشی میں بیڑی، سگریٹ، سگار کے علاوہ دیگر تمباکو اشیاء کا چبانا بھی شامل ہے جس میں ایشیائی ممالک میں استعمال کئے جانے والے تمباکو یا زردہ والے پان بھی شامل ہیں۔