سکی ریڈی اور پرانوو نے برازیل اوپن ٹائٹل جیتا

فوز ڈو ایگواکو (برازیل) ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن کی ہندوستانی مکسڈ ڈبلز جوڑی سکی ریڈی اور پرانوو جیری چوپڑہ نے اپنا پہلا گرانڈ پری ٹائٹل برازیل اوپن کے ساتھ جیت لیا ہے جس کیلئے انھوں نے یہاں فائنلز میں ٹوبی این جی اور راشل ہونڈریچ کی کناڈین جوڑی کے مقابل سیدھے سٹ کی فتح درج کرائی۔ ٹاپ سیڈ انڈین جوڑی نے جن کا رینک عالمی نمبر 65 ہے، کوسٹا کاولکانٹے میں منعقدہ خطابی مقابلہ محض 37 منٹ میں 21-15، 21-16 سے جیت لیا۔ سکی نے کل رات دیر گئے جیت کی تکمیل کے بعد اپنے فیس بک صفحہ پر تحریر کیا: ’’میرا اور پرانوو جیری چوپڑہ کا اولین گرانڈ پری ٹائٹل حاصل ہوا ہے، میں بہت ہی بہت مسرور ہوں۔‘‘ انھوں نے اپنی فیملی کے ساتھ ساتھ تان کیم ہر، پی گوپی چند، ارون وشنو، سمیت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ہے۔