سکیوریٹی خامیوں کی وجہ ‘پنجاب میں حملے

سرحد پر کچھ مقامات سے فینسنگ غائب : کرن رجیجو کا بیان
امرتسر ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے آج کہا کہ سکیوریٹی میں کچھ خامیوں کی وجہ سے پنجاب میںدینا نگر اور پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔ رجیجو نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکیوریٹی میں کچھ خامیاں تھیں جن کے نتیجہ میں پنجاب میں دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ حکومت پنجاب اور مرکزی حکومت مشترکہ طور پر سکیوریٹی پہلووں پر کام کر رہی ہیں۔ دہشت گردوں کی در اندازی کے تعلق سے رجیجو نے کہا کہ کچھ خلا ہے کیونکہ فینسنگ کچھ مقامات سے ٹوٹ گئی ہے اور کچھ مقامات پر فینسنگ غائب ہوگئی ہے ۔ اسی طرح آبی علاقہ میں بھی کچھ مسائل ہیں جن کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ مرکزی حکومت پنجاب میں سکیوریٹی پہلووں پر اولین ترجیح دیگی تاکہ یہاں امن و ہم آہنگی کو برقرار رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ہیں جو پنجاب میں 1980 کے دہے کے حالات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ریاست میںکسی بھی قیمت پر امن برقرار رکھا جائیگا اور سکیوریٹی کے تعلق سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔