بولاوایو ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی نژاد سکندر رضا نے شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ونڈے میں زمبابوے کو 8 وکٹ سے کامیابی سے ہمکنار کیا۔ سکندر نے افغان اننگز کے دوران دو وکٹ لیے اور 257 رنز کے ہدف کو 141 کی زبردست اننگز کھیل کر انتہائی آسان بنادیا۔تجربہ کار ہیملٹن مساکاڈزا نے 93 رنز اسکور کیے۔ میزبان نے چار میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ قبل ازیں افغانستان نے 17 سالہ عثمان غنی کی ونڈے کیریئر میں پہلی سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز اسکور کیے۔ عثمان غنی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 12 چوکے شامل ہیں۔گلبدین نائب نے 23،جبکہ محمد نبی اور رحمت شاہ نے فی کس 22رنز اسکور کئے۔