سکندرآباد میں نامعلوم شخص کا قتل ، نعش پٹریوں پر پھینک دی گئی

حیدرآباد ۔ /29 جولائی (سیاست نیوز) گورنمنٹ ریلوے پولیس سکندرآباد کے بموجب بولارم بازار اسٹیشن ریلوے پٹریوں پر 30 سالہ نامعلوم شخص کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم نوجوان کے سر پر پہلے وزنی پتھر ڈالکر قتل کیا گیا اور بعد ازاں اس کی شناخت مٹانے کیلئے نعش کو ریلوے پٹریوں پر پھینک دیا گیا جس کے نتیجہ میں نعش دو ٹکڑے ہوگئی ۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مقتول کو پہلے ریلوے پلیٹ فارم پر زدوکوب کیا گیا اور بعد ازاں اس کا ریلوے پٹری پر قتل کرنے کے بعد نعش کو ٹرین کے سامنے پھینک دی گئی ۔ ریلوے پولیس نے نامعلوم شخص کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا ہے ۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔