سکریٹری جنرل گوٹیرس کا طیارہ مہلوکین کے ارکان خاندان سے اظہارتعزیت

اقوام متحدہ ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ جیسی عظیم مجلس سے وابستہ کم و بیش 19 افراد ان مسافرین میں شامل ہیں جو ایتھوپین ایئرلائنز کے طیارہ حادثہ میں ہلاک ہوئے جو عدیس ابابا کے قریب فضاء میں شعلہ پوش ہوکر تباہ ہوگیا تھا۔ یہ بھی کہا جارہا ہے ان میں وہ فری لانس مبصرین بھی شامل ہیں جو ماحولیات پر منعقد شدنی کانفرنس کے کوریج کیلئے جارہے تھے۔ حکام نے مہلوک مسافرین کی تعداد 157 بتائی ہے۔ طیارہ نے نیروبی جانے کیلئے عدیس ابابا ایرپورٹ سے اڑان بھری تھی۔ دریں اثناء سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے بھی اس حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کیلئے اظہارتعزیت کیا۔ دیگر مہلوکین میں عملہ کے آٹھ افراد بھی شامل ہیں۔ حادثہ کے وقت طیارہ میں 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافرین سوار تھے جو عام طور پر بہت کم ہوتا ہے۔ ان مسافرین میں چار کا تعلق ہندوستان سے بتایا گیا ہے جن کی شناخت ویدیا پنا گیش بھاسکر، ویدیا حنین اناگیش، نوکاوراپومنیشا اور شکھاگرگ کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ گوٹیرس نے کہا کہ وہ اس حادثہ سے بیحد غمزدہ ہیں۔ گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفانی دوجارک کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق گوٹیرس نے تمام مہلوکین بشمول اقوام متحدہ کے اسٹاف کے ارکان خاندان سے اظہارتعزیت کیا ہے اور ساتھ ہی ایتھوپیا کی حکومت اور عوام سے بھی اس دکھ کے موقع پر اظہاریگانگت کیا۔