سکریٹریٹ میں تلنگانہ اور سیما آندھرا ملازمین کے درمیان کشیدگی

حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی سکریٹریٹ میں آج تلنگانہ اور سیما آندھرا ملازمین کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ملازمین کیلئے سکریٹریٹ میں مختص ایک عمارت پر قبضہ حاصل کرنے کیلئے دونوں علاقوں کے ملازمین کی یونینوں میں اختلافات پیدا ہوگئے جس کے بعد صورتحال بگڑ گئی۔ ملازمین کی یونین کی جو عمارت سکریٹریٹ میں واقع ہے اس میں تلنگانہ ملازمین نے اپنی حصہ داری کا مطالبہ کیا۔ تاہم سیما آندھرا کے ملازمین اس کے لئے تیار نہیں تھے۔ تلنگانہ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ عمارت کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے انہیں بھی برابر کی حصہ داری دی جائے۔ گذشتہ چھ ماہ سے تلنگانہ ملازمین اس عمارت میں اپنی حصہ داری کا مطالبہ کررہے ہیں

لیکن سیما آندھرا قائدین نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ اس مسئلہ پر آج دونوں علاقوں کے ملازمین کے درمیان زبردست بحث تکرار ہوگئی۔ تلنگانہ کے ملازمین نے عمارت کے ایک حصہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس نے مداخلت کی اور ملازمین کو سمجھا مناکر تصادم سے روک دیا۔بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش ملازمین کی یونین کے دفتر پر تلنگانہ ملازمین نے اپنا بورڈ آویزاں کردیا تھا۔ اے پی این جی اوز کے قائدمرلی کرشنا اور دیگر نے اس پر شدید اعتراض کیا۔ دونوں علاقوں کے یونین قائدین میں بحث تکرار ہوگئی۔ سیما آندھرا قائدین کا استدلال تھا کہ ریاست کی تقسیم سے قبل عمارت کی تقسیم مناسب نہیں۔اسی دوران تلنگانہ ملازمین یونین کے قائد نریندر راؤ نے سکریٹریٹ میں موجود تلنگانہ و سیما آندھرا ملازمین کے کسی بھی طرح کے اختلافات کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے سکریٹریٹ ملازمین کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہوں نے تلنگانہ تحریک میں حصہ نہیں لیا، اب شہرت اور نام کی خاطر اختلافات پیدا کرتے ہوئے ملازمین میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔