سکجیت اسٹارچ مل کے مزدوروں کی ہڑتال جاری

نظام آباد:7؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مطالبہ کی یکسوئی کی مانگ کرتے ہوئے سکجیت اسٹارچ مل کے مزدوروں کی جانب سے گذشتہ 13 دن سے ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹی آرایس کے قائدین اختر احمد، سید خلیل نے ہڑتالی کیمپ پہنچ کر ان سے اظہار یگانگت کی۔ واضح رہے کہ فیکٹری میں 500 مزدور گذشتہ 28سال سے کام کررہے ہیں اوران میں 80 فیصد مزدوروں کا تعلق نظام آباد مستقر سے ہے اور فیکٹری انتظامیہ کئی غلط وجوہات بتاتے ہوئے انہیں ملازمت سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ پنجاب اور بہار سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کا تقرر کرتے ہوئے آرہے ہیں جس کی وجہ سے مقامی مزدوروں کی تعداد 20 فیصد ہوگئی ہے۔ فیکٹری کے کیمکلس کی وباء کی وجہ سے کئی افراد بیماریوں میں مبتلا ہیں بیماریوں میں مبتلا مزدوروں کو رخصت بھی نہیں دی جارہی ہے اور میڈیکل آفیسر مالکین کی وفاداری کررہے ہیں اور خانگی دواخانہ کے سرٹیفکٹس کو قبول نہیں کیا جارہا ہے اور اجرتوں کی کمی کے خلاف جدوجہد کرنے کے باوجود بھی یکم جولائی 2014 ء سے نئے معاہدہ کی عمل آوری بھی نہیں کی جارہی ہے۔ مزدوروں کے مطالبات کیلئے آواز اٹھانے والے یونین کے صدر لکشمن کو ملازمت سے علیحدہ کیا گیا اور اب بھی یونین کے قائدین کو ہراساں کیا جارہا ہے لہذا حکومت اس بارے میں مداخلت کرتے ہوئے مطالبات کی یکسوئی کرنے والے مزدوروں کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔