سڑک پر کوڑا پھینکنے پر انوشکا شرما کی ایک شخص کو ڈانٹ

جواب میں اس شخص نے انوشکا شرما اور ویراٹ کوہلی کو لیگل نوٹس

ممبئی۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی روڈ سے گذرتے ہوئے ایک شخص ارہان سنگھ نے اپنی کار سے ایک پلاسٹک تھیلی سڑک پر پھینک دی۔ اسی وقت بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما بھی اپنی SUV کار میں بازو سے گذر رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی کار ونڈو کا شیشہ اُتارا اور ارہان سنگھ کو کوڑا پھینکنے پر ڈانٹ دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو ویراٹ کوہلی کی جانب سے سوشیل میڈیا پر ڈال دی گئی۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ارہان سنگھ نے کہا کہ ان کے قانونی مشیر اس واقعہ پر ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو قانونی نوٹس جاری کی ہیں چونکہ جواب ان کے ہاں سے مطلوب ہے۔ چنانچہ وہ اس بارے میں کوئی مزید تبصرہ کرنے سے قاصر ہیں۔ اس ویڈیو کو سوشیل میڈیا پر کئی ملین افراد نے مشاہدہ کیا اور مختلف تبصرے بھی کئے۔ انٹرنیٹ کے زیادہ تر تبصروں میں مبصرین نے انوشکا شرما کے لہجہ کو مغرور، غیرشائستہ اور بدتمیزی سے تعبیر کیا۔ ساتھ ہی کئی افراد نے اداکارہ کی تائید میں بھی بیان دیا۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے شہری ذمہ داری کو سماجی اخلاقیات کے مساوی قرار دیا۔ ویراٹ کوہلی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ارہان سنگھ نے کہا کہ غلطی سے ان کی کار سے کوڑا گر گیا تھا لیکن وہ کوڑا لکژری کار میں بیٹھی ہوئی انوشکا کی زبان سے نکلے الفاظ سے بدرجہ بہتر ہے۔