حسن آباد۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع شنکرم پیٹ کوہیڈ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں مسافر آٹو میں سوار 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے بموجب منڈل مستقر کوہیڈا سے صبح 5 بجے کریم نگر مسافر آٹو روانہ ہوکر راجیو راہداری پر موضع شنکرم کے مضافات میں مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار دودھ کے ٹینکر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں آٹو کے اُلٹ جانے سے آٹو میں سوار 12 افراد زخمی ہوگئے جن میں 6 کی حالت ہنوز تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دودھ کے ٹینکر نے ٹکر مار کر راہ فرار اختیار کرلی۔ آٹو ڈرائیور سمپت کی تحریری شکایت پر کوہیڈ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرنے اور تحقیقات کرنے کا اعلان کیا۔