کاماریڈی:26؍فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سڑک حادثہ میں 3افراد ہلاک ہوگئے یہ واقعہ کل رات کاماریڈی منڈل کے نرسنا پلی کے قریب رات دیر گئے 1:30 بجے پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب کاماریڈی مستقر کے تعلق رکھنے والے جادوگر اوم پرکاش اپنی ٹیم کے ساتھ میدک ضلع کے رامائم پیٹ میں پروگرام پیش کرنے کے بعد آٹو کے ذریعہ کاماریڈی واپس ہورہے تھے کہ نرسنا پلی بائی پاس پر نرمل سے حیدرآباد جانے والے ایک تیز رفتار آرٹی سی بس آٹو سے ٹکراگئی ۔ جس کے نتیجہ میں اوم پرکاش، پروین، عمران برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ جبکہ سریکانت، نرسملو، عرفان، بالا کرشناشدید زخمی ہونے پر انہیں بعد مرہم پٹی حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ اطلاع کے ملتے ہی ٹائون ایس ایچ او کاماریڈی ڈی کرشنا، سب انسپکٹر دیون پلی نریندرریڈی اوردیگر پولیس عہدیدار مقام حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا۔ بعد پنچنامہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کیا اوم پرکاش میجشیل ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر میجک کے پروگرام پیش کیا کرتا تھا ۔ ہمیشہ کی طرح کل بھی رامائم پیٹ سے آرہے تھے کہ درمیان میں یہ واقعہ پیش آیا۔ یہ تینوں نوجوان کاماریڈی کے پنچ مکھی ہنومان، بتکماں کنٹہ کالونیوں سے تعلق رکھتے ہیں اس واقعہ کے بعد ان خاندانوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اورسینکڑوں افراد دواخانہ پہنچ کر نعشوں کا دیدار کیا۔ پولیس دیون پلی اس سلسلہ میں مصروف تحقیقات ہے۔
نوجوان پر قاتلانہ حملہ
سیڑم۔26؍فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) واڑی تعلقہ چیتاپور میں کل رات ایک نوجوان شمشیر احمد عمر 28سال ساکن واڑی اپنے کسی کام سے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے اچانک شبیر نامی بد معاش اور چار ساتھیوں نے پہلے تلوار سے وار کیا پھر پانچ گولیاں چلائی دو گولیاں اس نوجوان کے بازو میں لگی جن کو فوری گلبرگہ اسپتال میں شریک کیا گیا بعدازاں حیدرآباد کے اپولو اسپتال میں شریک کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شبیر اور شمشیر کے درمیان بہت دنوں سے مخاصمت چل رہی تھی اُسی سلسلہ میں حادثہ پیش آیا۔ ملزمین فرار ہیں۔ اس معاملہ میں ایک مقدمہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا اور ملزمین کی تلاش کی جارہی ہے ۔