نظام آباد:23؍ جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد ضلع کے ڈچپلی منڈل کے سامپلی قومی شاہراہ نمبر 44 پر آج ہوئے سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے افراد پوچم پاڈ میں پشکر کیلئے آئے ہوئے تھے اور پانی میں ڈبکی لگانے کے بعد سدی پیٹ جارہے تھے کہ ان کی کار ٹھہری ہوئی لاری سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار راجیش کمار، ڈرائیور گوپی برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ اس حادثہ میں دو خواتین زخمی ہونے پرفوری انہیں دواخانہ منتقل کیا گیا۔ اطلاع کے ملتے ہی ڈچپلی پولیس یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور نعشوں کو بعد پنچنامہ پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا واقعہ بالکنڈہ منڈل کے مکتھل کے قریب پیش آیاجس میں6 افراد زخمی ہونے پر انہیں آرمور دواخانہ منتقل کیا گیا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے افراد ماروتی ویان کے ذریعہ سری رام ساگر پراجیکٹ میں ڈوبکی لگا کر حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ ویان پلٹ جانے کی وجہ سے 6افراد زخمی ہوگئے اور ٹرافک میں زبردست خلل پیدا ہوگیا اور ایک گھنٹہ تک سڑک کے دونوں جانب ٹرافک مسدود رہی۔پولیس نے یہاں پہنچ کر ٹرافک کو بحال کیا۔