سڑک حادثہ میں نوجوان لاری ڈرائیور ہلاک

مرحوم محمد سہیل کی عنقریب شادی طئے تھی، مٹ پلی میں رنج و غم کی لہر

مٹ پلی۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل پیش آئے سڑک حادثہ میں مٹ پلی سلطان پورہ کے متوطن محمد سہیل(26) جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سلطان پورہ محلہ مٹ پلی کے متوطن محمد ہارون رشید کے دوسرے لڑکے محمد سہیل منی اشوک لی لینڈ ( گاڑی ) میں ڈرائیونگ کررہے تھے جو ترکاری فروش عبدالستار طاہر کے پاس ملازمت کیا کرتے تھے کل ترکاری لوڈنگ کیلئے کرنول ضلع ڈون مقام آندھرا پردیش گئے ہوئے تھے واپسی میں کاماریڈی ضلع اندلوائی مقام پر صبح کی اولین ساعت تین تا چار بجے کے درمیان ان کی اشوک لی لینڈ گاڑی کو پیچھے کی جانب سے راجستھان ریاست کی گاڑی تیز رفتار سے ٹکرا گئی جس پر محمد سہیل کی گاڑی زد میں آکر قریبی درخت سے ٹکرا گئی ان کی گاڑی متاثر ہونے کے علاوہ محمد سہیل شدید زخمی ہوئے۔ ان حالات میں انہوں نے فوری اپنے متعلقین کو فون پر اطلاع دی اور مدد کی درخواست کی بعد ازاں آدھے گھنٹے کے وقفہ کے بعد زخموں سے جانبر نہ ہوکر داعی اجل کو لبیک کہا۔ ان کے انتقال کی خبر جیسے ہیے عام ہوئی کثیر تعداد میں مقامی احباب و رشتہ دار ان کے مکان سلطان پورہ پہنچ گئے ۔ بعد پوسٹ مارٹم ان کی نعش کو ورثاء کے حوالے کیا گیا۔ بعد مغرب بسم اللہ مسجد میں مفتی عبدالمعز شامزی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ کثیر تعداد میں بشمول صدر جمعیتہ علماء مٹ پلی مولانا محمد سجاد حسینی قاسمی، صدر بسم اللہ مسجد خواجہ معین الدین، قائدین ملت محمد شاکر حسین صدیقی، محمد وکیل احمد، حافظ محمد عبدالعزیز، سید حسین، احمد حسین، قاری محمد شفیع الدین اور کئی احباب نے شرکت کی۔ بعد ازاں مٹ پلی قبرستان میں تجہیز و تکفین عمل میں آئی۔ محمد سہیل کی عنقریب شادی طئے تھی۔ پسماندگان میں ایک لڑکا اور تین لڑکیاں ہیں۔