سڑک حادثہ میں نوبیاہی نوجوان ہلاک

مکہ راج پیٹ۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیگنٹہ منڈل کے مکہ راج پیٹ کا نو بیاہی دولہا نریندر ریڈی اپنے سسرال واقع نارسنگی جاکر مکہ راج پیٹ واپس آرہا تھا کہ قومی شاہراہ 44موضع ولور کی شیوار میں تیز رفتار موٹر سیکل پر بے قابو ہوکر سڑک پر موجود ڈیوائیڈر سے ٹکراکر سڑک پر گرگیا جس کے نتیجہ میں اسے شدید زخم آئے، اسے بیہوشی کی حالت میں ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا جہاں دوران علاج فوت ہوگیا۔ جس کی شادی صرف دس دن قبل انجام پائی تھی۔ اس حادثہ کے اطراف واکناف میں غم اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ واضح رہے کہ یہ لڑکا والدین کا اکلوتا تھا۔اس سلسلہ میں چیگنٹہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اچانک بارش سے
آم کی فصل کو نقصان
شاد نگر۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر شاد نگر اور اس کے اطراف واکناف میں کل شام اور رات دیر گئے تیز اور ہلکی بارش کے ساتھ ہوائیں چلیں۔ غیر موسمی بارش کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا۔ تیز اور ہلکی بارش کی وجہ سے آم کے باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔جس کی وجہ سے بعض کسان پریشان ہیں ۔ بارش کی وجہ سے برقی کٹوتی کی جارہی ہے۔ شاد نگر اور اس کے اطراف واکناف میں ہوئی بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔