مکہ راج پیٹ۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) توپران منڈل کے راویلی موضع کے قریب ہوئے سڑک حادثہ میں موٹر سیکل راں برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اطلاع کے مطابق موضع راویلی کے قریب نامعلوم گاڑی نے تیز رفتاری میں راجو نامی موٹر سیکل سوار کو ٹکر دے کر راہ فرار اختیار کرلی جبکہ موٹر سیکل راں راجو برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ توپران پولیس نے بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گجویل کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا۔ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
بھینسہ میں سارقین گرفتار
بھینسہ۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈیویژن کے لوکیشورم منڈل سب انسپکٹر ڈی کنڈا رمیش نے موٹر سیکل سرقہ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرکے میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکیشورم منڈل کے موضع پاولگا کے بی سریش نے اپنی موٹر سیکل کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی جس کا نمبرAP01R0056 ہے۔ جس پر لوکیشورم پولیس نے تحقیقات جاری رکھی اور لوکیشورم پولیس نے موضع رائے پور کانڈلی ایکس روڈ پر گاڑیوں کی تنقیح کے دوران اس گمشدہ گاڑی پر سوار دو افراد ایس نریش اور کے رویندر 22سال کو حراست میں لے کر تحقیقات کرنے پر سارقوں نے سرقہ کا جرم قبول کرلیا۔ سارقوں کا تعلق نرمل منڈل کے موضع پلاپلی سے ہے۔ بعد ازاں ان سارقوں کو بھینسہ جونیر سیول کورٹ کی تحویل میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ہیڈ کانسٹبل ڈی داس، پرامودا، نریش موجود تھے۔