شاد نگر۔/5نومبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قومی شاہراہ نمبر 44 بائی پاس روڈ واقع بنڈلہ کنٹہ تانڈہ چوراہا نندی گاؤں کتور منڈل کے پاس ایک تیز رفتار کار نے ایک ٹو وہیلر گاڑی کو ٹکر دے دی جس کی وجہ سے ٹو وہیلر گاڑی پر سوار 36سالہ محبوب پاشاہ ساکن فرخنگر برسر موقع ہلاک ہوگئے اور محمد غوث عمر 37سال ساکن فرخنگر حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے۔ ٹو وہیلرگاڑی پر سوار محمد محبوب پاشاہ اور محمد غوث کو سرکاری ہاسپٹل شاد نگر منتقل کیا گیا۔ سرکاری ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے محمد محبوب پاشاہ کو مردہ قرار دیا۔ شدید زخمی محمد غوث کو ابتدائی علاج کے بعد حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ محمد محبوب پاشاہ کی نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے والے کردیا گیا۔ کتور پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
خاتون کی خودکشی
کوبیر۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوبیر منڈل کے پاس مرلاگونڈا گاؤں میں ایک خاتون نے درد شکم سے تنگ آکر جراثیم کش دوا پی کر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے بموجب 22سالہ آرتی کی شادی دو سال قبل ہوئی تھی اس کی ایک لڑکا 11ماہ کا ہے۔ اپنے ہی مکان میں اس نے تنہائی میں جراثیم کش دوا پی لی ۔ تشویشناک حالت میں رشتہ داروں اور گاؤں کے افراد نے اسے ایمبولنس 108کے ذریعہ بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا۔ جہاں وہ دوران علاج فوت ہوگئی۔ بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ کوبیر انچاج سب انسپکٹر گناورتن نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
نوجوان لڑکی کی خودکشی
مٹ پلی۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ابراہیم پٹنم کے مقامی ایس آئی شیوا کرشنا کے بموجب ابراہیم پٹنم کی 17سالہ لڑکی اپوسونی کو چند دن سے پیٹ میں شدید درد کی شکایت تھی ۔ دواخانہ میں علاج و معالجہ کروانے پر بھی افاقہ نہیں ہوا جس سے دلبرداشتہ ہوکر مکان میں تنہا پاکر اس نے پنکھے کے ذریعہ پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ ماں اپولکشمی کی شکایت پر مقامی پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔