آتما کور۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل رات مدنا پور مڈل کوتہ پلی کے قریب سڑک حادثے میں میاں بیوی فوت ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کوتہ کوٹہ مستقر کے 45 سالہ محمد خواجہ اپنی اہلیہ 40 سالہ غوثیہ بیگم کے ہمراہ ولیمہ تقریب میں شرکت کی اور تقریب سے فارغ ہوکر واپسی کے دوران تقریباً 12:30 بجے ٹی وی ایس گاڑی پر جارہے تھے کہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے آگے سے ان کی گاڑی کو ٹکر دی جس سے مقام حادثہ پر ہی میاں بیوی فوت ہوگئے۔ صبح کی اولین ساعتوں تک پڑے رہے کسی رہ گیر نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس مقام حادثہ پر پہنچی اور افراد خاندان کو اطلاع دی اور نعشوں کو آتما کور کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ مقدمہ درج کرکے تحقیقات جاری ہیں۔ سی آئی بنداڑی شنکر نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے جلد از جلد کارروائی مکمل کرکے ڈاکٹروں سے بات کرکے پوسٹ مارٹم کرکے نعشوں کو ورثاء کے حوالے کیا۔ پسماندگان میں دو لڑکیاں ہیں۔ مرحوم قادر دھابہ کے مالک تھے۔
سدی پیٹ۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی گجویل سے مہاپرجاکوٹمی کے تائیدی کانگریس امیدوار مسٹر وی پرتاپ ریڈی نے ببانگ دہل اعلان کردیا کہ وہ حلقہ کے عوام کے تعاون سے بہر صورت وزیر اعلیٰ کے چند رشیکھر راؤ کو مجوزہ اسمبلی انتخابات میں کراری شکست دے کر گجویل میں کانگریس کے پرچم کو لہراکر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ وہ آج گجویل میں پارٹی آفس پر گجویل کے سابق کانگریس ارکان اسمبلی ڈاکٹر گنڈے وجئے راما راؤ ، سابق ریاستی وزیر ٹی نرسا ریڈی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کررہے تھے۔ مسٹر وی پرتاپ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مبینہ طور پر کے سی آر نے اپنی امکانی شکست سے خوف کھاکر انہیں پولیس، سرکاری حکام کے ذریعہ شدید طور پر ہراساں کررہے ہیں۔ اس کا خمیازہ عنقریب ٹی آر ایس حکومت اور کے سی آر کو بھگتنا پڑے گا۔