جمی کنٹہ ۔ 18 جون (ایجنسیز) ملرز (چاول کی گرنیوں کے مالکین) کے خلاف دھاوا کرنے والے عہدیدار دھابہ میں بیٹھ کر کھاتے پیتے برسرموقع پکڑے گئے جبکہ یہ عہدیدار ناجائز دھان کے ذخیرہ کا پتہ چلانے دھاوا کرنے کیلئے آئے تھے لیکن وہ خود پولیس کے دھاوے کا شکار ہوگئے۔ یہ واقعہ ضلع کریم نگر کے جمی کنٹہ ٹاؤن میں پیش آیا۔ واضح رہیکہ چند دن قبل قدیم زرعی مارکٹ میں ریاستی وزیر ایٹلا راجندر، کلکٹر اور ضلع کے عہدیداروں نے دورہ کیا تھا۔ اس وقت کلکٹر نے یہ انکشاف کیا کہ بعض ملرز (چاول کی گرنیوں کے مالکین) کسانوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اقل ترین قیمت سے بھی کم میں دھان خریدی تھی، جس کے خلاف ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کو دھاوا کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس کے مطابق منگل کے دن 3 ویجلنس ٹیمیں جمی کنٹہ پہنچیں جس میں 15 سے زائد عہدیدار اور عملہ کے ارکان تھے۔ یہ ٹیمیں الگ الگ رائس ملز گئے تھے، لیکن ان کی آمد کی پیشگی کی اطلاع ملنے پر ملرز چوکس ہوگئے تھے۔
رائس ملرز اور ویجلنس عہدیدار کے درمیان کیا سازباز ہوگئی کہ دھاوے روک دیئے گئے اور یہ تمام عہدیدار ایک دھابہ پہنچنے پر کھانے اور پینے کا شاندار انتظام کیا گیا اور عہدیدار پارٹی میں مصروف ہوگئے۔ دریں اثناء دھابہ میں غیرقانونی شراب کی فروخت کی اطلاع پر سرکل انسپکٹر بالا سوامی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے اچانک دھاوا کردیا۔ اس وقت دھابہ میں بیشتر افراد شراب نوشی کررہے تھے۔ جب پولیس نے انہیں حراست میں لینے کی کوشش کی تو شدید مزاحمت کی گئی۔ تاہم پولیس نے وہاں موجود شراب کی بوتلوں کو ضبط کرکے بعض لوگوں کے خلاف کیس درج کرلیا۔ پولیس کے دھاوے کی اطلاع پر جب میڈیا کے نمائندے وہاں پہنچے تو دیکھا کہ ویجلنس عہدیدار، ملرز اور دیگر افراد افراتفری کے عالم میں بھاگنے لگے۔ دھاوے کیلئے آنے والے عہدیداروں پر پولیس کے دھاوے سے مقای لوگوں میں سنسنی پھیل گئی۔ ویجلنس ٹیم کے عہدیداروں نے یہ الزام عائد کیا کہ کھانے پینے کی دعوت دیگر ملرز (چاول گرنیوں کے مالکین ) نے عملاً پھنسایا ہے۔