قاضی پیٹ /2 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم کے رکن راجیہ سبھا شریمتی گنڈو سدھا رانی کل رات حیدرآباد سے ورنگل روانگی کے دوران اچانک بھونگیر کے قریب ایک سڑک حادثہ سے دو چار ہو گئیں، انھیں زخمی حالت میں ہنمکنڈہ کے میکس کیئر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے آج دوپہر دوا خانہ پہنچ کر ان کی مزاج پرسی کی۔ واضح رہے کہ گنڈو سدھا رانی کل چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کے بعد رات 9 بجے ورنگل روانہ ہوئی تھیں، تاہم ٹھیک 12-40 بجے ان کی گاڑی کا ایک موٹر سائیکل سے تصادم ہوا اور بے قابو ہوکر ان کی گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے ان کی ایک ٹانگ زخمی ہو گئی اور ان کے سرپر بھی چوٹ آئی۔ ان سے ملاقات کرنے والوں میں تلگودیشم قائد علی بن سعید الگتمی، بابا قادر علی، محمد منظور، پربھاکر کے علاوہ نامہ نگار سیاست شاہ نواز بیگ اور دیگر شامل تھے۔