سڑک حادثہ میں دو نوجوان ہلاک

نظام آباد:2؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سڑک حادثہ میں دو نوجوان ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ رنجل منڈل کے تاڑبلولی میں پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب ایڑپلی کے ریونت اپنے ننیال رنجل میں دیپاولی منانے کی غرض سے گیا ہوا تھا۔ اس کے نانا گنگادھر نے اسے شراب کی بوتلیں لانے کیلئے فخرآباد روانہ کیا تھا۔ ریونت اپنے ساتھ شیکھرکو لے کر گیا تھا۔ تاڑ بلولی کے ارون دھتی اپنے ساتھیوں کے ساتھ چہل قدمی کررہا تھا کہ بائیک ارون دھتی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ریونت برسرموقع ہلاک ہوگیاتو ارون دھتی، شیکھر بری طرح زخمی ہونے پر 108 ایمبولنس کے ذریعہ نظام آباد سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ علاج کے دوران شیکھرجانبر نہ ہوسکا۔ پولیس اس خصوص میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ضلع کتہ گوڑم کے قاضی کی معطلی
حیدرآباد ۔ 2 ۔  نومبر  (سیاست نیوز) حکومت نے بدعنوانیوں کے الزامات پر کتہ گوڑم ضلع کے قاضی کو معطل کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جی او ایم ایس 37 جاری کیا۔ کتہ گوڑم کے قاضی سید عبدالرب کو 6 مئی 2006 ء کو بحیثیت قاضی مقرر کیا گیا تھا۔ وہ کتہ گوڑم III ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایک فوجداری مقدمہ میں ملوث پائے گئے ۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف بعض افراد نے حکومت سے شکایت کی ۔ ایک ملزم کی شادی میں مدد کرنے پر انہیں گرفتار کیا جاچکا ہے۔ حکومت نے انہیں 13 اکتوبر کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی  تاکہ تمام الزامات کے بارے میں وضاحت کرسکے۔ قاضی نے محکمہ اقلیتی بہبود کو کوئی جواب روانہ نہیں کیا۔ لہذا حکومت نے سید عبدالرب کو سرکاری قاضی کے عہدہ سے فی الفور معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ حکومت نے پالونچہ کے قاضی محمد رفیع الدین کو کتہ گوڑم کے انچارج قاضی مقرر کیا گیا ہے۔