حیدرآباد /9 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) عابڈس کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ روز پیش آئے اس سڑک حادثہ میں زخمی نوجوان کو پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے قریبی کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا تاہم بعد ازاں انہیں عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اور تھمبے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ شدید زخمی نوجوانوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کرنے کے اقدام کی اورزخمیوں کے رشتہ داروں اور ساتھیوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے تاہم خاطی کے خلاف اقدام و کارروائی نہ ہونے کے سبب زخمی رشتہ داروں نے بے چینی کا اظہار کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ خلیل ، فرید اور سمیر ایک موٹر سائیکل پر گذشتہ روز صبح کے اولین اوقات موٹر سائیکل ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہو رہے تھے کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر دے دی ۔ عابڈز پولیس نے کار کو ضبط کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تاہم خاطی پولیس کی گرفت سے باہر ہے بلکہ مبینہ طور پر آزاد گھوم رہا ہے ۔ زخمی نوجوان کے رشتہ داروں نے خاطی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ فرید اور خلیل شدید زخمی ہیں جس میں خلیل کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔