سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میںتین افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ سڑک حادثات میڑچل، سلطان بازار ،چیتنیہ پوری پولیس حدود میں پیش آئے ۔ میڑ چل پولیس کے مطابق 43 سالہ سید ابراہیم جو بوئن پلی علاقہ کا ساکن اور پیشہ سے لاری گائیڈ بتایا گیا ہے کل میڑچل کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ سلطان بازار پولیس کے مطابق 60 سالہ بوجیا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا میر پیٹ علاقہ میں رہتا تھا، کل کوٹھی کے علاقہ میں ایک آر ٹی سی بس کی ٹکر سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ مدھانی ڈپو کی آر ٹی سی بس جو روٹ نمبر 102 ایم سلطان پورہ تا کوٹھی چلائی جاتی ہے اس بس نے ٹکر دی تھی ۔ چیتنیہ پوری پولیس کے مطابق 50 سالہ سرینواس جو پیشہ سے لیبر تھا، پٹیل نگر عنبر پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ،وہ 24 ڈسمبر کے دن سڑک عبور کرنے کے دوران موٹر سیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جس کی کل رات موت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔