سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک

شمس آباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع لوٹہ پلی میں کل رات ایک تیز رفتار لاری نے بائیک کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں بائیک سوار برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب محمد خلیل ولد محمد سلمان 32 سالہ ساکن قاضی گلی شمس آباد کل رات پیشن گاڑی نمبر AP12L-3908 پر پالماکول سے شمس آباد آرہے تھے کہ پیچھے سے ایک تیز رفتار لاری نمبر AP12V-2259 جو شاد نگر سے شمس آباد آرہی تھی ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں محمد خلیل برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ شمس آباد رورل پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے لاری ڈرائیور ہرموہن جگت کو گرفتار کرلیا اور نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثا کے حوالہ کردیا ۔۔

ہاسپٹل کی عمارت سے چھلانگ کے ذریعہ مریض کی خودکشی
حیدرآباد /7 جنوری ( سیاست نیوز ) خانگی ہاسپٹل کی عمارت سے چھلانگ لگاکر ایک مریض نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ ہمایوں نگر پولیس حدود کے ایک خانگی ہاسپٹل میں پیش آیا جہاں 55 سالہ سید عباس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ عباس جھرہ آصف نگر علاقہ کا ساکن تھا جو پیشہ سے ماربل کا کام کرتا تھا ۔ گذشتہ 6 ماہ سے اس شخص کی صحت کافی ناساز تھی اور اس کا علاج جاری تھا ۔ کل عباس کو ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا ۔ جس نے آج عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔