کوڑنگل۔/10ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مخالف سمت سے آنے والی ڈی سی ایم موٹر گاڑی کے موٹر سیکل کو ٹکر دینے کی وجہ ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ سب انسپکٹر پولیس مسٹر پروین کمار کے بموجب کوڑنگل سے پرگی کی سمت جانے والی برق رفتار ڈی سی ایم موٹر گاڑی مخالف سمت سے آنے والی موٹر سیکل کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں موٹر سیکل سوار سی سی کنٹہ منڈل پلاماری مقام کا متوطن 35سالہ مدری راملو شدید زخمی ہوگیا جسے فوری دواخانہ سرکاری تانڈور منتقل کیا گیا دوران علاج راملو زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ مہلوک شخص روزگار کے سلسلہ میں ایک عرصہ سے حفیظ پیٹ حیدرآباد میں مقیم تھا۔ گزشتہ روز تمکی میٹلہ میں اپنے قریبی رشتہ دار کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران حسن آباد و بوگارم میں دیگر رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے موٹر سیکل پر روانہ ہوا جہاں پر حادثہ رونما ہوا۔ خاندانی افراد کی درخواست پر کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
اظہار تعزیت
آرمور۔/10ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق میونسپل چیرمین آرمور کنچٹی گنگادھر کے والد کنچٹی بھومنا کا مختصر علالت کے بعد انتقال ہوا۔ سابق ریاستی وزیر سنتوش ریڈی نے گنگادھر کے مکان پہنچ کر پرسہ دیا اور صبر کی تلقین کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل فلور لیڈر ایس ونود، کانگریس قائد میر رحمت علی ماجد، گنگادھر، نوین و دیگر موجود تھے۔