سڑک حادثہ میں آنگن واڑی ورکر کی موت

کوٹگیر۔/26فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پڑوسی منڈل بیرکور کے موضع بومندا پلی کی آنگن واڑی اسکول کی آیا پاروتی عمر 35سال گزشتہ رات بومندا پلی چوراستہ پر ایک تیز رفتار ٹاٹا میجک گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگئی تھی جس کو 108 کی مدد سے قریبی ہاسپٹل بانسواڑہ منتقل کیا گیا جہاں پاروتی کی حالت مزید تشویشناک ہونے کی وجہ سے ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل نظام آباد منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج پاروتی فوت ہوگئی۔ بیرکور پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی جناب عبدالمجید کے بموجب متوفی ریاستی سطح پر آنگن واڑی ملازمین کے حیدرآباد میں منعقدہ احتجاجی جلوس و جلسہ میں شرکت کرنے کے بعد رات 9:30بجے اپنے گاؤں کو جانے بس سے اتر کر سڑک عبور کررہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ نظام آباد ہاسپٹل میں بعد پوسٹ مارٹم نعش کو پولیس نے ورثاء کے حوالے کردیا۔اس واقعہ کے اطلاع پاکر سی آئی ٹی یو یونین کے قائدین نے موضع بومندا پلی چوراستہ پر نعش کو رکھ کر تقریباً ایک گھنٹہ تک احتجاج منظم کیا اور متوفی کی لڑکی کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج کی قیادت کامریڈ رمیش بابو اور ضلع جنرل سکریٹری نورجہاں نے کی۔ احتجاج میں آنگن واڑی کے ملازمین و متوفی کے رشتہ داروں نے حصہ لیا۔