حیدرآباد ۔ /27 اپریل (سیاست نیوز) مہیشورم کے علاقہ میں دیوار منہدم ہونے سے ایک ضعیف شخص اور ایل بی نگر کے علاقے میں بس میں سوار ہونے کی کوشش کے دوران ایک ضعیف شخص کی ہلاکت کے دو علحدہ واقعات پیش آئے ۔ مہیشورم پولیس کے مطابق 65 سالہ شخص دھانیا جو پیشہ سے مزدور تھا مقامی دولت مند شخص کے کھیتوں میں کام کررہا تھا کہ اچانک دیوار منہدم ہوگئی اور وہ اسی دیوار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق ایک 75 سالہ ضعیف شخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے /24 اپریل کو ایل بی نگر کے علاقہ میں واقع بس اسٹاپ پر بس میں سفر کیلئے کوشش کررہا تھا کہ مشتبہ طور پر گرکر شدید زخمی ہوگیا ۔ جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ میں آوٹر رنگ روڈ پر حادثہ تین افراد زخمی
شمس آباد /27 اپریل ( سیاست نیوز ) شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ میں آوٹر رنگ روڈ پر دو کاروں کی ٹکر میں تین افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب وجئے واڑہ سے حیدرآباد آنے والی کار شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ کے قریب آوٹر رنگ روڈ پر اچانک بریک لگائی جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی کار نے اسے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار تین افراد ستیہ نارائنا ، وینکٹ رامنا اور راما سوامی زخمی ہوگئے ۔ تینوں کا تعلق کوکٹ پلی سے بتایا گیا ہے ۔