حیدرآباد 28 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد اور سائبر آباد پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ سیف آباد، گوپال پورم ،ایل بی نگر اور رائے درگم پولیس حدود میں حادثات پیش آئے ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 20 سالہ ابھیلیش جو منگل ہاٹ علاقہ کا ساکن تھا طالب علم بتایا گیا ہے وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ کل رات دیر گئے آدرش نگر علاقہ سے گذر رہا تھا کہ ایک تیز رفتاری ویان کی زد میں آگیا ویان جو سکندرآباد کی جانب سے آرہی تھی ابھیلیش کی موٹر سیکل اس سے ٹکرا گئی اور وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا جبکہ اسکا ساتھی شدید زخمی بتایا گیا ہے ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 26 سالہ جگناتھ جو پیشہ سے ڈرائیو رتھا سائی نگر اولڈ حفیظ پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے وہ آج اپنی اسکوٹر پر جارہا تھا کہ تیز رفتار بے قابو ٹپر کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 18 سالہ گنیش جو ڈگری کا طالب علم تھا اندراویلی عادل آباد کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ وہ دلسکھ نگر کے ایک ہاسٹل میں رہتا تھا کل رات دیر گئے وہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ ایس بی ایچ کالونی علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں لاری کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ گوپال پورم پولیس کے مطابق 34 سالہ سی ایم اشوک جو پیشہ سے آٹو ڈرائیو رتھا وینکٹا پورم میں رہتا تھا ۔ وہ کل شام نشہ کی حالت میں سکندرآباد بس اسٹیشن پر موجود تھا اور اسی حالت میں بس میں سوار ہونے کی کوشش کے دوران بس سے گر کر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔