سڑک حادثات 6 افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ عباس علی خاں جو چنچل گوڑہ علاقہ کے ساکن تھے ۔ 10 مئی کے دن اپنی اسکوٹر پر ٹینک بنڈ کے راستہ سے گزر رہے تھے کہ اسکوٹر بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور عباس علی خان علاج کے دوران آج فوت ہوگئے۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 35 سالہ روی جو گولکنڈہ علاقہ میں رہتا تھا ، کل اپنی اسکوٹر پر جارہا تھا کہ اسکوٹر بے قابو ہوکر روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور شدید زخمی حالت میں رات دیر گئے روی فوت ہوگیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 48 سالہ چندرا شیکھر جو چیتنیہ نگر میں رہتا تھا جو پیشہ سے کرانہ کی دکان چلایا تھا ۔ آج صبح وہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے افراد خاندان کے ہمراہ کار میں واپس ہورہا تھا کہ ایک دوسری کار کی ٹکر سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ کار میں سوار 5 افراد شدید زخمی ہوگئے جن کا علاج جاری ہے ۔ میر پیٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ سریش جو پیشہ سے ڈرائیور تھا، آر این ریڈی نگر مراد نگر میں رہتا تھا ، وہ کل موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ بالا پور کے علاقہ میں ٹپر لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ میلار دیوپلی پولیس کے مطابق 34 سالہ ایم گوپی جو بابل ریڈی نگر کے ساکن روی کی بیوی تھی، کل شام سڑک عبور کرنے کے دوران کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جو فوت ہوگئی اور فوت ہوگئی۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 27 سالہ انوپ ریڈی جو ایک خانگی کنسٹرکشن کمپنی میں ملازم تھا ، ایل آئی جی کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ علاقہ کے ساکن سبا ریڈی کا بیٹا تھا ۔ کل اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ ایک کار کی زد میں آکر انوپ ریڈی ہلاک اور ان کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔