محبوب نگر میں جائزہ اجلاس، ضلع کلکٹر پریہ درشنی کا خطاب
محبوب نگر /21 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے غیر مجاز طورپر چلائی جانے والی گاڑیوں پر پابندی ضروری ہے۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی نے اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ روڈ سیفٹی، حادثات، غیر قانونی طورپر چلائی جانے والی گاڑیوں پر پابندی کے موضوع پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے بتایا کہ بغیر پرمٹ کے سڑکوں پر مسافرین کو لے جانے والی گاڑیوں سے ہی اکثر حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ حکومت کی ہدایت پر 28 اکتوبر سے موٹر گاڑیوں کی تنقیح کا کام جاری ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ضلع کلکٹر کی صدارت میں سپرنٹنڈنٹ پولیس، آر ٹی او اور آر ایم آر ٹی سی کو ممبران کی حیثیت سے شامل کرتے ہوئے کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بغیر اجازت کے اور قواعد کی خلاف ورزی کرکے چلائی جانے والی جیپ اور آٹو گاڑیوں کی تنقیح کرتے ہوئے زائد مسافرین کو بٹھانے والی گاڑیوں کو ضبط کرلینے انھوں نے آر ٹی او عہدہ داروں کو ہدایت دی۔ گاڑیاں بے جا طورپر پارک کی جا رہی ہیں، جس سے ٹریفک میں خلل اور حادثات کے اندیشے بڑھ رہے ہیں۔ ایسی گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی جگہ فراہم کرنے انھوں نے عہدہ داروں کو پابند کیا۔ علاوہ ازیں محبوب نگر، ونپرتی، گدوال، نارائن پیٹ، کلوا کرتی، ناگر کرنول، کولا پور اور شاد نگر میں بھی خانگی گاڑیوں کو پارک کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی کی۔ انھوں نے کہا کہ بغیر پرمیشن چلائی جا رہی گاڑیوں کی تنقیح کے لئے 51 روٹس مقرر کئے گئے ہیں، جس میں اب تک صرف 21 روٹس کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں آر ٹی او کشٹیا نے واقف کرایا کہ اب تک 643 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ انھوں نے بتایا کہ تنقیح کے بعد سے متعلقہ روٹس پر سڑک حادثات میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ خصوصی مہم کے ذریعہ غیر مجاز گاڑیوں پر 40 لاکھ روپئے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو گنگادھر آر ایم آر ٹی سی نے بتایا کہ بس اسٹانڈس میں نو پارکنگ بورڈس آویزاں کئے جا رہے ہیں، اس کے خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے جائیں گے، جب کہ ضبط شدہ گاڑیوں کو پولیس اسٹیشن، فائر اسٹیشن اور بس ڈپو میں محفوظ کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ملاریڈی ایڈیشنل ایس پی اور دیگر بھی موجود تھے۔