سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی ضروری

نظام آباد ۔ 7 ۔ اگسٹ (ای میل ) قاضی سید ارشد پاشاہ سابق وائس چیرمین میونسپل کونسل نے ضلع نظام آباد کے نئے کلکٹر مسٹر رونالڈروس سے ملاقات کی ۔ جس کے دوران انہوں نے مختلف شہری مقامات پر سڑک حادثات میں انسانی ہلاکتوں کی صورتحال سے تفصیلات بہم پہونچائیں ۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ سڑک حادثات کے امکانات کو کم سے کم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کو روبہ عمل لایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے نظام آباد بودھن روڈ پر ہوئے سارنگ پور کے پاس سڑک حادثہ سے ضلع کلکٹر کو واقف کروایا ۔ انہو ںنے کہا کہ بودھن ٹاون میں بھی ٹریفک کی صورتحال پر نظرثانی کی جانی چاہئے ۔ ٹریفک میں باقاعدگی پیدا کرنے کیلئے ٹریفک پولیس کو متحرک کرتے ہوئے حادثات میں کمی لانی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ بودھن کے قلب شہر میں شربتی کنال کے دونوں جانب آبادی ہے ۔ شربتی کنال کے اقامتی علاقہ میں سڑک حادثات رونما ہونے کے اندیشہ کی وجہ اس طرف فوری توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ بودھن ٹاون کے ہنومان ٹمپل سے لاریاں شربتی کنال کی تنگ سڑک سے گذرتی ہوئی مونا ہوٹل کے سامنے نکلتی ہیں ۔ رات دن رہائشی علاقہ کی اس سڑک سے گذرنے والی لاریوں سے سڑک حادثات کے امکانات پر شہریان شربتی کنال خوف و اندیشہ کا اظہار کررہے ہیں ۔انہوںنے کلکٹر مسٹر رونالڈروس سے کہا کہ شربتی کنال کے علاقہ میں مختلف میڈیم کے تعلیمی ادارے کام کررہے ہیں ۔ جن میں ماتھوتری انگلش میڈیم اور لائیلا پبلک اسکول قائم ہیں جن میں زیرتعلیم 2,000 ہزار سے زائد طلباء و طالبات شربتی کنال سے متصل سڑک سے گذرتے ہیں ۔ اولیاء طلباء شربتی کنال پر سے جاری ٹریفک پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کلکٹر کو تجویز پیش کی کہ ہنومان ٹمپل کے پاس ایک کمان تعمیر کردی جائے تو ہیوی وہیکلس اس سڑک سے نہیں گذریں گی ۔ کلکٹر نے آر ڈی او بودھن کو اس خصوص میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔