سڑک حادثات میں 7 افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد و سائبر آباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 7 افراد ہلاک و دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ چنگا مول پولیس حدود میں کل رات دیر گئے خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ خواجہ حسن الدین اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کرناٹک سے آٹو میں حیدرآباد آرہے تھے کہ چنگامول پولیس حدود میں پرگی ڈپو کی آر ٹی سی بس نے آٹو کو ٹکر دے دی جس کے سبب خواجہ حسن الدین کے ساتھی سید غوث اور محمد جہانگیر برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ اور دیگر زخمی ساتھیوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں نظیر اور خواجہ حسن الدین علاج کے دوران فوت ہوگئے ۔ جب کہ اختر زیر علاج ہے حسن الدین کا تعلق حکیم پیٹ ٹولی چوکی سے بتایا گیا ہے ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 27 سالہ یادگیری جو کارمیکا نگر میں رہتا تھا حیات نگر ریڈی پالم کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ عنبر پیٹ پولیس کے مطابق 34 سالہ منوہر سنگھ جو میدک ضلع کے ویدیوتھ نگر بی ایچ ای ایل کا ساکن تھا ۔ اپل کے آئی ڈی اے میں ملازمت کرتا تھا وہ گذشتہ ہفتہ کار میں آفس سے مکان آرہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور شدید زخمی حالت میں آج منوہر سنگھ فوت ہوگیا ۔ میڈپلی پولیس کے مطابق 23 سالہ کے راج شیکھر ریڈی جو گھٹکیسر میں رہتا تھا ۔ 13 جولائی کے دن اپنی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور شدید زخمی حالت میں راج شیکھر ریڈی آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔