حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) سال نو تقاریب کے جشن کے دوران حادثات کے تدارک اور اموات کی روک تھام کیلئے پولیس کے اقدامات کے باوجود 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ حادثات حیدرآباد و سائبرآباد پولیس حدود میں پیش آئے ۔ جہاں پارٹی میں شرکت جشن اور پارٹی سے واپسی کے بعد حادثات رونما ہوئے ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 15 سالہ سومن جو 10 ویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ امبیڈکر نگر فلم نگر علاقہ کے ساکن وینکٹیش کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ وہ کل رات اپنے بھائی کے ہمراہ سال نو کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے گیا تھا ۔ تاہم ان دونوں بھائیوں نے رات دیر ہونے کے سبب آج صبح واپس ہو رہے تھے کہ ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی اور سومن اس حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ چکڑپلی پولیس کے مطابق 27 سالہ رام کمار جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ اس کی شادی دیڑھ سال قبل ہوئی تھی اور اس کی ایک بچی بھی ہے کل وہ اپنی بیوی ہرشنی کو یہ بتاکر مکان سے نکلا تھا کہ وہ سال نو کی تقریب میں شرکت کیلئے جارہا ہے ۔ رام کمار کتہ پیٹ علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات تقریب میں شرکت کے بعد وہ واپس ہو رہا تھا کہ چکڑپلی حدود میں حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں کمار برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 16 سالہ دھنراج جو 10 ویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ شیر لنگم پلی علاقہ کے ساکن سامبا شیواراؤ کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ وہ کل اپنے ساتھیوں اکھیل اور سوما سائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سال نو جشن منانے گیا تھا ۔ آوٹر رنگ روڈ کی سرویس روڈ پر یہ لوگ ناچ گانے میں مصروف تھے ۔ نامعلوم تیز رفتار لاری دھنراج کو ٹکر دے دی اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 68 سالہ انجیا جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ ایل بی نگر جنگایا بستی میں رہتا تھا ۔ کل رات وہ سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار موٹر سائیکل کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ گھٹکیسر پولیس کے مطابق 25 سالہ سینو عرف سرینواس جو اپل میں رہتا تھا ۔ ضلع نلگنڈہ کا متوطن بتایاگیا ہے ۔ وہ اپنے ساتھیوں مہیں اور ملیش کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ آوٹر رنگ روڈ سرویس روڈ پر ان کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور سینو برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق یہ ساتھی سال نو جشن منارہے تھے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔