سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک

حیدرآباد /8 مئی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد و رنگاریڈی حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 45 سالہ لکشمایا یادو اور اس شخص کی بیوی 40 سالہ پدما آج صبح سڑک عبور کرنے کے دوران ایک کار کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ لکشمایا یادو جو پیشہ سے سوپروائزر تھا ۔ ویویکانندا نگر کالونی راجندر نگر میں رہتا تھا ۔ شنکرپلی پولیس کے مطابق 24 سالہ محمد عظمت جو پیشہ سے کسان تھا نواب پیٹ ضلع رنگاریڈی کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ کل رات اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا اور سڑک کے دوسرے سمت گر پڑا جو ایک ڈی سی ایم کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 48 سالہ وینکٹ راؤ جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ آج صبح کار میں جارہا تھا کہ کلیان نگر کے علاقہ میں کار بے قابو ہوگئی اور سڑک پر موجودہ ٹھیلہ بنڈیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا ۔ اس حادثہ میں وینکٹ راؤ شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 16 سالہ پرشانت گوڑ جو بنڈلہ گوڑہ کا ساکن تھا طالب علم بتایا گیا ہے کل وہ اپنے مکان کے قریب تھا کہ ٹریکٹر کی لاپرواہی سے دیوار اور ٹریکٹر کے درمیان زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 24 سالہ شرون کمار جو طالب علم تھا کل رات اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔