سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول خاتون ہلاک-

حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئے ۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق 48 سالہ عبدالروف جو بھولک پور علاقہ کے ساکن عبدالقدیر کا بیٹا تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے کہ یہ شخص 8 جنوری کی رات مشیرآباد علاقہ میں واقع کنارا بینک کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہاتھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔نارسنگی پولیس کے مطابق 24 سالہ تانوجی جو حیدر شاہ کوٹ علاقہ کے ساکن امباجی کا بیٹا تھا ۔ پیشہ سے انگوٹھیاں فروخت کرتا تھا ۔ کل رات سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں وہ طوفان گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔میر پیٹ پولیس کے مطابق 48 سالہ اننت ریڈی جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ الکاپوری کالونی ایل بی نگر میں رہتا تھا۔ کل رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ بڈنگ پیٹ علاقہ میں نامعلوم گاڑی نے ریڈی کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی جس کے سبب وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 65 سالہ مستماں جو عطاپور علاقہ کے ساکن بابیا کی بیوی تھی ۔ گذشتہ ہفتہ یہ ضعیف خاتون پلر نمبر 146 کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی اور کل رات علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ چادرگھاٹ پولیس کے مطابق 45 سالہ خاتون بیرنتی جو موہن نگر چادرگھاٹ علاقہ کے ساکن گجے سنگھ کی بیوی تھی ۔ گذشتہ ماہ یہ خاتون ملک پیٹ گنج کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ بیرنتی پنجاب نیشنل بنک میں جاروب کشی کا کام کرتی تھی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔