سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد یکم / اپریل ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 50 سالہ محمد ناصر خان جو بالاپور بارکس علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات ایک درخت کے نیچے بیٹھا تھا کہ لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ لاری ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب ناصر خان روندا گیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطاق 45 سالہ ایلیا جو حیات نگر علاقہ کے ساکن ایراپا کا بیٹا تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ کل شام وہ سڑک عبور کرنے کے دوران گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 23 سالہ روی جو ڈرائیور تھا پرشانت نگر سرور نگر میں رہتا تھا ۔ کل شام وہ سڑک عبور کرنے کے دوران موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 55 سالہ رنگاراؤ جو ڈرائیور تھا کل رات لاری کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ۔ کوکٹ پلی پولیس حدود میں ایک 50 سالہ خاتون تلسیماں جو کوکٹ پلی علاقہ کے ساکن نرسمہا مورتی کی بیوی تھی ۔ کار میں گنٹور سے واپس ہو رہی تھی کہ کوکٹ پلی کے علاقہ میں کار الٹ گئی اور وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔