حیدرآباد /21 جولائی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 35 سالہ شیخ غوث جو ایس آر نگر کالونی کا ساکن تھا عیدالفطر کے دن موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ شاہ پور نگر کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں شیخ غوث شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کی علاج کے دوران کل رات موت ہوگئی ۔ جواہر نگر پولیس کے مطابق 72 سالہ سوریہ پرکاش جو جواہر نگر علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے وہ کل ٹریکٹر میں جارہا تھا کہ حادثاتی طور پر ٹریکٹر الٹ جانے کے سبب پرکاش شدید زخمی ہوگیا اور یہ شخص علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ اپل پولیس کے مطابق 65 سالہ سروجنی جو ویراپا گوڑہ علاقہ کے ساکن پنٹایا کی بیوی تھی وہ کل اپنے مکان کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ ڈنڈیگل پولیس کے مطابق 70 سالہ راجیہ نامی شخص جو خانگی ملازم تھا وہ کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں ٹاٹا وینگر گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔