سڑک حادثات میں 3 ہلاک

حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ چادرگھاٹ، چیتنہ پوری اور رام گوپال پیٹ پولیس حدود میں حادثات پیش آئے۔ چادرگھاٹ پولیس کے مطابق 22 سالہ عبدالفرقان جو عیدی بازار علاقہ کے ساکن عبدالحئی کا بیٹا تھا، طالب علم بتایا گیا ہے۔ فرقان اپنے ساتھی ارشاد کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ نلگنڈہ چوراہے پر حادثہ پیش آیا۔ موٹر سیکل روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں فرقان اور ارشاد کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں عبدالفرقان علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ چیتنیہ پوری پولیس کے مطابق 28 سالہ میور جو پیشہ سے سیل فون کا کام کرتا تھا۔ اندرا نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ کل رات اپنی موٹرسیکل پر جارہا تھا کہ کتہ پیٹ مارکٹ میں حادثہ پیش آیا۔ جلد راستہ طئے کرنے کی کوشش میں اس نے دونوں لاریوں کے درمیان سے موٹر سیکل کو پار کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں لاریوں کی زد میں آ کر روندا گیا۔ رام گوپال پیٹ پولیس کے مطابق 58 سالہ ستیہ نارائنا جو پیشہ سے مزدور تھا، رسول پورہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ آج صبح سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ایک نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر دے دی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔