حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اور رنگاریڈی حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ کیسرا پولیس اسٹیشن حدود میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ حادثہ کل رات پیش آیا ۔ جس میں 20 سالہ محمد حنیف اور اس کا ساتھی 24 سالہ یو گریدھر دونوں موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ خوفناک حادثہ پیش آیا ۔ جہاں مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار لاری کی زد میں آکر دو ساتھی برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ حنیف کیسرا کا ساکن بتایا گیا ہے جبکہ گریدھر مشیرآباد میں رہتا تھا ۔ اپل پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ اپل پولیس کے مطابق 40 سالہ رمنا ریڈی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ مہیندر ریڈی نامی شخص کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ کل شام سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ اپل میں پیش آئے ایک اور حادثہ میں 55 سالہ لکشمی راجیم جو پیشہ سے ڈرائیور تھا ۔ اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہو گئی اور وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا ۔ راجیم گوتم نگر ملکاجگری کا ساکن تھا ۔ شنکر پلی پولیس کے مطابق 30 سالہ کرشنا جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ مہیشورم پولیس کے مطابق 44 سالہ سنجیوا ریڈی جو ایل بی نگر کا ساکن تھا بیدر کرناٹک کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ کل رات کندکور کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ گاڑی الٹ جانے کے سبب شدید زخمی ہوگیا تھا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔