حیدرآباد ۔ /22 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد اور سائبر آباد پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک پولیس کانسٹبل ہلاک ہوگئے ۔ بہادر پورہ پولیس کے مطابق 22 سالہ محمد واجد علی جو ملکاجگیری کے ساکن محمد کاظم علی کا بیٹا تھا ۔ پیشہ سے پلاسٹک کا بزنس کرتا تھا ۔ وہ /17 نومبر کے دن اپنی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں وہ آج فوت ہوگیا ۔ آصف نگر پولیس کے مطابق 28 سالہ شبو سورین جو پیشہ سے سکیوریٹی گارڈ تھا اور تاج کرشنا میں ملازمت کرتا تھا ۔ شبو سورین راجیو نگر گچی باؤلی کا ساکن /20 نومبر کے دن اپنی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ پلر نمبر 14 ایکسپریس وے کے قریب حادثہ پیش آیا جو شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ عنبر پیٹ پولیس کے مطابق 52 سالہ بی سامیا جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ حیات نگر میں رہتا تھا وہ /20 نومبر کے دن موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ آٹو کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ فلک نما پولیس کے مطابق 60 سالہ نامعلوم شخص جو سڑک عبور کرنے کے دوران کل رات لاری کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ حادثہ فلک نما رعیتو بازار کے قریب ایک فنکشن ہال کے روبرو پیش آیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 24 سالہ سی کنڈالو جو انجاپور کا ساکن تھا پیشہ سے حمالی کرتا تھا جو /15 نومبر کے دن سڑک عبور کرنے کے دوران ایک کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جس کی کل رات فوت ہوگئی ۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 27 سالہ کے وینو گوپال چاری جو پیشہ سے پولیس کانسٹبل بتایا گیا ہے الوال میں رہتا تھا وہ کشائی گوڑہ کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں کار کی زد میں آکر برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔