حیدرآباد /17 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک طالب علم ہلاک ہوگیا ۔ جو ہولی تہوار کا جشن منارہا تھا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 12 سالہ شیوا شنکر جو چھٹی جماعت کا طالب علم ، ساکن موہن ریڈی نگر علاقہ کے ساکن وینکٹا ایا کا بیٹا تھا ۔ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہولی تہوار کے جشن کے بعد آٹو میں گھوم رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ شیوا شنکر کے ہمراہ اس کے مزید چار ساتھی آٹو میں موجود تھے ۔ آٹو بے قابو ہوکر الٹ گیا جس کے سبب 4 لڑکے شدید زخمی ہوگئے اور شیوا شنکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ ناگیشور راؤ جو پیشہ سے سرکاری ملازم تھا ۔
حمایت نگر میں رہتا تھا کل وہ اپنی موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ کار کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ایل بی نگر پولیس کے مطابق 51 سالہ راملو جو ریڈی کالونی ایل بی نگر علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے وہ کل رات سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ اپل پولیس کے مطابق 48 سالہ پرساد راؤ جو پرگتی نگر رامنتاپور علاقہ کا ساکن تھا وہ 15 مارچ کے دن سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں زخمی ہوگیا تھا ۔ جس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ ایس آر پیٹ پولیس کے مطابق 44 سالہ کے گنیش جو پیشہ سے تاجر تھا سکندرآباد میں رہتا تھا ۔ کل وہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ سڑک حادثہ پیش آیا اور گنیش برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 30 سالہ محمد حبیب جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ حشمت پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کل رات وہ لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔