سڑک حادثات میں چھ افراد بشمول دو طالبات ہلاک

حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول 2 کمسن طالبات ہلاک ہوگئیں۔ کیسرا پولیس حدود میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں دو طالبات جو آپس میں حقیقی بہنیں بتائی گئی ہیں ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔ 12 سالہ سنہا اور 8 سالہ ہریتا اپنے دادا کے ساتھ جارہی تھیں کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ یہ دو بہنیں راحیل علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیٹیاں تھیں اس حادثہ میں ان لڑکیوں کا دادا شدید زخمی ہوگیا ۔ جواہر نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ شخص مرلی کرشنا جو پیشہ سے کارپینٹر  سائی راج نگر کالونی میں رہتا تھا ۔ یہ شخص کل موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ مارکٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ ونیش جو پیشہ سے گنے کا مشروب فروخت کرتا تھا ۔ ایسٹ ماریڈپلی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع پر ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی بتایا گیا ہے۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 21 سالہ ہری رام جو پیشہ سے مزدور تلگو گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا جس کا تعلق ریاست مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے ۔ 25 مارچ کو وہ آر ٹی سی بس میں سفر کے دوران مشتبہ طور پر چلتی بس سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 27 سالہ سدھاکر ریڈی جو روزگار کی تلاش میں تھا۔ کے پی ایچ بی علاقہ میں اپنے ساتھی کے ہمراہ رہتا تھا ۔ جس کا تعلق ابراہیم پٹنم ضلع کرشنا سے بتایا گیا ہے ۔ وہ کار میں کل رات اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جارہا تھا کہ ہائی ٹیک سٹی فلائی اوور کے قریب کار حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں سدھاکر ریڈی فوت اور اس کے ساتھ شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔