سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک

حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ نارسنگی حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ٹولی چوکی حکیم پیٹ کے ساکنان دو کم عمر لڑکے ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جو کار میں نارسنگی کے راستہ سے گزر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار بے قابو بس سے تصادم پیش آیا۔ اس حادثہ میں 18 سالہ شاہنواز اور 18 سالہ عمران ہلاک ہوگئے۔ جبکہ ان کا ساتھی اسامہ شدید زخمی حالت میں زیرعلاج ہے۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 30 سالہ پٹھان نوشاد خان جو پیشہ سے ہوٹل ورکر بتایا گیا ہے، کل سڑک عبور کرنے کے دوران جوبلی چیک پوسٹ چوراہے پر پیش آئے سڑک حادثہ میں یہ شخص ایک کار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 23 سالہ کے ہریشور ریڈی جو بی ٹیک طالب علم اور ونستھلی پورم علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے، کل رات پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔