حیدرآباد ۔ 20 جون (سیاست نیوز) بیگم بازار، مادھاپور اور بنجارہ ہلز پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک کمسن ہلاک ہوگیا۔ بیگم بازار پولیس کے مطابق 29 سالہ عبدالقادر خاں عرف شاہد جو بلال نگر کالاپتھر علاقہ کا ساکن تھا، پیشہ سے نیوز پیپر ایجنٹ بتایا گیا ہے۔ وہ آج صبح معظم جاہی مارکٹ کے علاقہ مالاکنٹہ سے گذر رہا تھا کہ ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 55 سالہ محمد افضل جو پیشہ سے ترکاری فروش تھا، ادے نگر بنجارہ ہلز علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے، 13 جون کے دن وہ پنشن آفس کے قریب سڑک عبور کررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 9 سالہ انجی جو ایاپا سوسائٹی میں اپنی والدہ کے ساتھ رہتا تھا۔ کرشنا نامی شخص کا بیٹا بتایا گیا ہے۔ یہ کمسن فرسٹ کلاس کا طالب علم تھا۔ والد چھوڑ کر چلے جانے کے بعد انجی اپنی والدہ کے ہمراہ والدہ کے آشنا سائیدلو کے ساتھ رہتا تھا۔ وہ کل اپنی والدہ کے آشنا کے ساتھ موٹرسیکل پر جارہا تھا کہ ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آ کر دونوں برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔