-سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد فوت ہوگئے۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 28 سالہ محمد آصف حسین جو ابراہیم باغ علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے۔ وہ کل رات ڈیوٹی کے بعد موٹر سیکل پر آرہا تھا کہ موٹر سیکل روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں آصف حسین آج فوت ہوگیا۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 40 سالہ کے سری سیلم جو بلدیہ کا ملازم موسیٰ پیٹ علاقہ کا ساکن کل شام موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 55 سالہ چندریا جو پیشہ سے مزدور تھا یشودھا نگر میں رہتا تھا، کل ساگر رنگ روڈ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا جو رات دیر گئے فوت ہوگیا۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 55 سالہ چنیا جو پیشہ مزدور بشیرآباد علاقہ میں رہتا تھا۔ وہ سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔