حیدرآباد /27 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے ۔ چادرگھاٹ پولیس کے مطابق 25 سالہ محمد عارف جو واحد نگر علاقہ کے ساکن عبدالماجد کا بیٹا تھا ۔ پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ عارف 23 جولائی کی رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو کل رات علاج کے دوران ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 85 سالہ ایس راگھون جو نلہ کنٹہ علاقہ میں رہتا تھا گاڑی حادثہ کا شکار ہونے پر قلب کی دھڑکن بند ہونے سے فوت ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راگھون کار میں اپنی بیوی اور سالی کے ہمراہ جارہا تھا کہ لنگر حوض حدود میں گاڑی بے قابو ہوکر روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں راگھون کی بیوی اور سالی بھی شدید زخمی ہوگئے ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 45 سالہ بالاجی جو پیشہ سے ٹرانسپورٹ میں کام کرتا تھا ۔ رنگاریڈی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کل شام یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ انجاپور چوراہے پر مخالف سمت سے دوسری موٹر سائیکل کے ٹکرانے کے سبب حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں بالاجی فوت ہوگیا ۔ بیگم پیٹ پولیس کے مطابق 55 سالہ نرسمہا جو پیشہ سے ڈرائیور تھا ۔ رسول پورہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ 24 جولائی کے دن وہ اپنے مکان کے قریب پیدل جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کی علاج کے دوران کل رات موت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔