حیدرآباد۔/28اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سائبرآباد کے حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4افراد ہلاک ہوگئے ۔ سرور نگر پولیس کے مطابق 33سالہ سریش جو کل رات دیر گئے ایک سالگرہ تقریب میں شرکت کے بعد اپنے مکان واقع ویسٹ ماریڈ پلی واپس ہورہا تھا کہ سرور نگر حدود میں حادثہ پیش آیا۔ موٹر سیکل بے قابو ہونے کے سبب یہ شخص جو پیشہ سے تاجر تھا شدید زخمی ہوگیا اور اس حادثہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 65سالہ شخص بھیمیا جو پیشہ سے مزدور وقار آباد علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے 27اکٹوبر کو نارسنگی کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ بالا نگر پولیس کے مطابق 50سالہ شخص ستیا جو جگت گیری گٹہ علاقہ کا ساکن 22 اکٹوبر کو سڑک عبور کرنے کے دوران موٹر سیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 25سالہ کرشنا جو پیشہ سے ایک خانگی کمپنی میں اکاونٹنٹ ضلع کریم نگر کا متوطن بتایا گیا ہے یہ شخص حیات نگر کے علاقہ سے گذرنے کے دوران سڑک کے کنارے رکی ہوئی ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا اور ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔