حیدرآباد ۔ /13 ستمبر (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک پولیس کانسٹبل ہلاک ہوگیا ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 29 سالہ لکشمن پیشہ سے پولیس کانسٹبل ضلع نلگنڈہ کا متوطن موٹر سیکل پر حیدرآباد آیا ہوا تھا ۔ واپسی کے دوران سنگارم کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں یہ شخص شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی کانسٹبل علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ چھتری ناکہ پولیس کے مطابق 16 سالہ طالب علم راج شیکھر جو اندرا نگر علاقہ کا ساکن تھا کل شام یہ طالب علم اس کے ساتھی ہنمنت کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ سیل فون پر بات کرنے کے دوران موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں یہ طالب علم فوت ہوگیا ۔ کاچی گوڑہ پولیس کے مطابق 25 سالہ محمد عباس پیشہ سے خانگی ملازم تھا معین باغ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے یہ شخص کل موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص آج فوت ہوگیا ۔ ڈنڈیگل پولیس کے مطابق 40 سالہ ملیا جو پیشہ سے ہیلپر تھا سیورام علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ آٹو ٹرالی سے سامان اتارنے کے دوران دوسرے آٹو کی زد میں آکر یہ شخص فوت ہوگیا ۔