سڑک حادثات میں چار افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /29 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حیات نگر نارسنگی اور پٹن چیرو علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 40 سالہ خاتون رادھیکا جو جیڈی میٹلہ علاقہ کے ساکن روی چندرا کی بیوی تھی ۔ یہ خاتون اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ بیٹاپورم سے حیدرآباد آرہے تھے ۔ یہ خاندان کار میں سوار تھا کہ رات دیر گئے حیات نگر کے علاقہ میں ایک تیز رفتار لاری اور کار میں تصادم پیش آیا ۔ اس حادثہ میں رادھیکا برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ جبکہ اس خاتون کا شوہر روی چندرا لڑکا آدرش اور لڑکی جہانوی شدید زخمی بتائے گئے ہیں ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 57 سالہ ملیش جو پیشہ سے ہیڈ کانسٹیبل تھا ۔گرے ہاؤنڈس میں خدمات انجام دے رہا تھا ۔ یہ شخص کاروان علاقہ کا ساکن تھا جو گرے ہاونڈس کے احاطے میں ایک شعبہ سے دوسرے شعبہ کیلئے اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل درخت سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پٹن چیرو پولیس کے مطابق مائلارم کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ جن کی شناخت سدھوی یادو اور کالو یادو کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ جن کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے ۔ یہ دو افراد اپنی موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ تیز رفتار لاری کی زد میں آگئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔