حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 40 سالہ شخص وینکٹ گوپال ریڈی جو دومل گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے22 مئی کو یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہو کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص کل رات فوت ہوگیا۔ ادی بٹلہ پولیس کے مطابق 34 سالہ سرینو جو پیشہ سے پینٹر تھا نادرگل علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے 21 مئی کو یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں شدید زخمی شخص سرینو آج فوت ہوگیا۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 50 سالہ یادگیری اور 41 سالہ ناگا رانی شاہ میر پیٹ اوٹر رنگ روڈ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک اور ان کے بچے شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نریندر اپنے افراد خاندان کے ہمراہ چوٹ اپل میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔