حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں بشمول ایک خاتون 4 افراد فوت ہوگئے۔ چندا نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ مرزا حسین بیگ جو پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے، یہ شخص لنگم پلی علاقہ میں رہتا تھا جو 6 مئی کے دن موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں شدید زخمی حسین بیگ آج فوت ہوگئے۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 38 سالہ بسنت ماجی جو پیشہ سے لیبر تھا۔ اوڈیشہ کا متوطن بتایاگیا ہے۔ یہ شخص دنڈیگل کے علاقہ میں رہتا تھا۔ 6 مئی کے دن پیش آئے حادثہ میں یہ شخص شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ کیرا پولیس کے مطابق 35 سالہ نارائنا جو پیشہ سے کارپنٹر تھا بوگارم میں رہا تھا۔ اس شخص کا تعلق بہار سے بتایا گیا ہے۔ 8 مئی کے دن یہ شخص ٹریکٹر میں سفر کررہا تھا کہ ٹریکٹر سے نیچے گرکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ معین آباد پولیس کے مطابق 40 سالہ للیتا جو پیشہ سے کسان تھی چاکلی گوڑہ علاقہ کے ساکن رمیش کی بیوی تھی۔ یہ خاتون اس کے رشتہ دار کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ معین آباد حدود میں موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی۔ یہ واقعہ 7 مئی کے دن پیش آیا اس حادثہ میں زخمی للیتا کل رات علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔